Short Highlights – Lahore Qalandars vs Peshawar Zalmi – Match 2 – HBL PSL 6
پی ایس ایل 6،لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو 4 وکٹوں سے ہرادیا
محمد حفیظ اور راشد خان کی ذمہ درانہ بلے بازی
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)6 کے دوسرے میچ میں لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو 4 وکٹوں سے شکست دیدی ہے ۔ 141 رنز کے ہدف کے تعاقب میں قلندرز کے کپتان سہیل اختر اور فخرزمان نےاچھا آغاز کرتے ہوئے 29 رنز بنائے۔ سہیل اختر 14 رنز بنا کر مجیب الرحمٰن کو وکٹ دے گئے۔ فخرزمان وہاب ریاض کی گیند پر گیند کو باؤنڈری سے باہر پھینکنے کی کوشش میں شعیب ملک کا نشانہ بنے۔
تجربہ کار محمد حفیظ اور سلمان آغا نے بہترین بیٹنگ کرتے ہوئے 8ویں اوور میں ٹیم کی نصف سنچری مکمل کی جس کے بعد سلمان آغا 53 کے مجموعی سکور پر آؤٹ ہوگئے،بین ڈنک نے جارحانہ موڈ میں 22 رنز بنائے تاہم وہاب ریاض کے یارکر نے ان کا کام بھی تمام کردیا ۔ راشد خان نے 3 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ناقابل شکست 27 اورمحمد حفیظ نے 33 رنز بنا کر ٹیم کو فتح دلائی،لاہور قلندرز نے 141 رنز کا ہدف 19 ویں اوور کی تیسری گیند پر 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا اور پی ایس ایل6 کی پہلی فتح حاصل کی۔
حفیظ 33 اور راشد خان 27 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔ زلمی کی جانب سے کپتان وہاب ریاض اور ثاقب محمود نے 2،2 وکٹیں لیں۔ اس سے قبل کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں لاہور قلندر کے کپتان سہیل اختر نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ لاہور قلندر نے اپنے پہلے میچ کا آغا دھواں دار انداز میں کیا اور شاہین شاہ آفریدی نے پہلی گیند پر امام الحق کو وکٹ کیپر بین ڈنک کے ہاتھوں آؤٹ کردیا۔
کامران اکمل اور شعیب ملک کی تجربہ کار جوڑی کو سلمان مرزا نے زیادہ مہلت نہ دی اور 5 رنز بنانے والے کامران اکمل کو پویلین بھیج دیا۔ زلمی کی تیسری وکٹ 19 رنز پر گری جب حیدر علی 0 پر سلمان مرزا کی دوسری وکٹ بنے۔ شعیب ملک نے روی بوپارا کے ہمراہ چوتھی وکٹ میں ٹیم کو نصف سنچری کے قریب پہنچایا جس کے بعد وہ ڈیوڈ ویزے کا شکار بنے ، اس وقت شعیب ملک 26 رنز بنا چکے تھے۔
روی بوپارا نے مشکلات میں گری پشاورزلمی کے سکور کو ذمہ دارانہ انداز میں آگے بڑھایا اور شرفین روتھرفورڈ کے ساتھ ملکر 17 ویں اوور میں ٹیم کی سنچری مکمل کی۔ شاہین شاہ آفریدی نے 17 ویں اوور کی آخری گیند پر روتھرفورڈ کی وکٹ حاصل کرکے زلمی کی 5ویں وکٹ گرادی جنہوں نے 26 رنز بنائے،روی بوپارا کی پشاور زلمی کی جانب سے اچھی بیٹنگ کی سیزن کی پہلی نصف سنچری بھی مکمل کی لیکن شاہین آفریدی نے ان کے 50 رنز مکمل ہوتے ہی راشد خان کے ہاتھوں کیچ کروا دیا،قلندر کی جانب سے آخری اوور دانیال نے کیا اور اس اوور میں زلمی نے 2 چھکے بھی لگائے۔
پشاور زلمی نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 140 رنز بنائے۔ عماد بٹ 23 اور وہاب ریاض ایک رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، قلندرز کی جانب سے شاہین آفریدی نے 3 وکٹیں حاصل کیں، سلمان مرزا نے 2 اور ایک وکٹ ڈیوڈ ویزے کو ملی۔ لاہور قلندرز کے باؤلر دلبر حسین ہیمسٹرنگ انجری کے باعث میچ نہیں کھیل رہے،انکی جگہ سلمان مرزا کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز کھیلے گئے پی ایس ایل 6 کے افتتاحی میچ میں کراچی کنگز نے ٹائٹل کے دفاع میں فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو باآسانی شکست دی تھی۔
پشاور زلمی اب تک پی ایس ایل میں ایک مرتبہ ٹرافی اٹھانے میں کامیاب ہوئی ہے جبکہ لاہور قلندر اب تک ٹرافی نہیں جیت سکی۔ لاہور قلندرز اگرچہ پی ایس ایل کے 4 سیزن میں اتنی بہتر کارکردی نہیں دکھا سکی تھی لیکن پی ایس ایل کے گزشتہ سیزن میں وہ فائنل میں پہنچنے میں کامیاب ہوئی تھی جہاں اسے کراچی کنگز کے ہاتھوں کست ہوئی۔ پشاور زلمی کی مجموعی کارکردگی لاہور قلندر کے مقابلے بہتر ہے۔